30 مارچ ، 2012
کراچی … کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کو میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کونسل ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات دینے پر وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیا ت آغا سراج درانی میں سرد جنگ شروع ہوگئی ہے۔ آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر نے وزیر اعلیٰ کو گمراہ کرکے اختیارات حاصل کئے، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بلدیاتی امور کے نگراں بننا چاہتے ہیں۔ آغا سراج درانی کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے کمشنرز کو ڈسٹرکٹ کونسل کے ایڈمنسٹریٹرز کے اختیارات دینے کی مخالفت کرتا ہوں، کمشنرز کو بلدیاتی اختیار دینے سے ترقیاتی کام رک جائیں گے، ڈپٹی کمشنرز ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں ڈالنا چاہتے ہیں،حکومت سندھ نے ایک روز قبل وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو میونسپل کمیٹی اور ڈسٹرکٹ کونسل کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا تھا ۔