30 مارچ ، 2012
اسلام آباد … عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر ریلوے حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ ہدایت اللہ محسود کا قتل اور کارکنان کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، مشکل کی گھڑی میں کارکنان خود کو تنہاء نہ سمجھیں، عوامی نیشنل پارٹی کبھی بھی اپنے کارکنان کو مایوس نہیں کریں گے، ظلم و دہشت سے کوئی بھی کسی کو کراچی سے بے دخل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھ کر ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے جو جلتی پر تیل کا کام دیں، مل جل کر کراچی کے مسئلے کا پر امن حل نکالنا ہوگا۔ ان کا کہنا ہے کہ کشتیاں جلا کر میدان عمل میں آئے ہیں اب ظلم کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے، سیاسی یتیم اب سیاہ سفید کے مالک بننے کے خواب دیکھنا چھوڑ کر حقیقت کی دنیا میں آجائیں۔ غلام احمد بلور نے کہا کہ سیاسی مصلحتوں نے کراچی کو دنیا کا خطرناک ترین شہر بنادیا ہے کراچی کو ریموٹ کنٹرول سے چلانے والے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار ہیں۔