30 مارچ ، 2012
حیدر آباد … حیدر آباد اور نوابشاہ میں نرسوں و پیرامیڈیکل اسٹاف نے کراچی میں نرسوں پر تشدد اور مطالبات کے حق میں احتجاجاً کام کا بائیکاٹ کیا۔ حیدر آباد میں پراونشل نرسز ایسوسی ایشن کی اپیل پر نرسوں نے تمام سرکاری اسپتال میں بائیکاٹ اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی۔ نرسوں کا کہنا تھا کہ کراچی میں نرسوں پر تشدد انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نرسوں کی تنخواہیں پنجاب کے مساوی اور دیگر مراعات فراہم کی جائیں۔احتجاج سے خطاب میں ڈاکٹر عبدالہادی بخش جتوئی کا کہنا تھا کہ اگر نرسوں کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو ڈاکٹر بھی احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ نوابشاہ میں نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔ احتجاج کے باعث اسپتال میں آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔