30 مارچ ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے پولیس اہلکار اور سیاسی کارکن سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈی آئی جی ویسٹ عمران یعقوب نے جیو نیوز کو بتایا کہ پیر آباد میں منگھوپیر روڈ پر 35 سالہ ہدایت اللہ حجام کی دکان پر گیا تاہم اس دوران اس کا دوسرے آدمی سے جھگڑا ہوگیا، جس پر دوسرے ملزم نے اسے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور فرار ہو گیا، ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ نہیں ہے۔ ترجمان عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے مطابق مقتول ان کی سندھ کونسل کا ممبر تھا۔ پولیس کے مطابق غریب آباد میں بلوچ ہوٹل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ قصبہ کالونی کے قریب آج صبح فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص چل بسا۔ دیگر واقات میں کورنگی کی بلال کالونی میں خاندانی دشمنی پر ایک ملزم نے فائرنگ کر کے 40 سالہ یونس خان کو قتل کردیا ، گارڈن میں پولیس ہیڈکوارٹرز کے مطابق مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے اسپیشل برانچ کے اہلکار عمران کو قتل کردیا، پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے۔ مولوی تمیز الدین خان روڈ پر جھاڑیوں سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش ملی تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔