30 مارچ ، 2012
اسلام آباد … وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انہوں نے لاکھوں فیصلے کئے، جن میں سے چند کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، عدنان خواجہ کو بطور چیئرمین نیفڈک بہتر کارکردگی پر او جی ڈی سی ایل کا چیئرمین لگایا تھا، پیپلزپارٹی اپنے وعدے پورے کر کے انتخابات میں جائے گی۔سرکاری ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ کراچی میں امن و امان کا مسئلہ بہت پے چیدہ ہے، نیٹو سپلائی کی بحالی پر وزیر اعظم نے کہا کہ پارلیمنٹ نے اپنی قرار داد میں خارجہ پالیسی پارلیمنٹ میں طے کرنے کی بات کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت کو بھی خارجہ پالیسی پر بریفنگ دی گئی، بھارت سے تجارت ملکی مفاد کے تحت کی جائے گی، پیپلزپارٹی اپنے وعدے پورے کر کے انتخابات میں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی، کابینہ میں ردو بدل معمول کی کارروائی ہوتی ہے۔ وزیراعظم گیلانی کا کہنا ہے کہ حکومت نے طویل اور قلیل مدت کے بجلی کے منصوبے تیار کئے ہیں، 3400 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کرچکے ہیں، گیس کی کمی بھی بجلی کے شارٹ فال کی ایک وجہ ہے۔