30 مارچ ، 2012
اسلام آباد … عالمی بینک نے پاکستان اور آزاد جموں کشمیر کیلئے 3 مختلف منصوبوں کو 65 کروڑ ڈالر فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ عالمی بینک کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں کمی کیلئے 2 خصوصی پروگرام شروع کیے گئے تھے، پی آر ایس پی ون کیلئے 30 کروڑ ڈالر دیئے جانے تھے جو اب نہیں مل سکیں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے اقتصادی ترقی کی شرح کو بڑھایا جانا تھا۔ پی آر ایس پی ٹو کے تحت بھی عالمی بینک نے 30 کروڑ ڈالر فراہم کرنا تھے جو اب جاری نہیں کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے تحت حکومتی شعبوں میں اصلاحات کی جانا تھیں۔ آزاد جموں کشمیر میں کمیونٹی انفراسٹرکچر کیلئے 5 کروڑ ڈالر جاری ہونا تھے تاہم اب عالمی بینک اس پراجیکٹ کیلئے بھی فنڈز جاری نہیں کرے گا۔