22 جنوری ، 2014
کراچی…کراچی میں پولیو ٹیم پر حملے کے خلاف آج پولیوورکرز نے ملک بھرمیں احتجاجی مظاہرے کیے۔ سندھ کے مختلف شہروں میں پولیو مہم کا بائیکاٹ کیا گیا۔کراچی میں پولیو ورکرز کی ہلاکت پر حیدر آباد میں پولیو ٹیموں نے مہم کا بائیکاٹ کرکے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جاں بحق پولیو ورکرز کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی بھی کی گئی۔میرپور خاص میں آل پاکستان لیڈی ہیلتھ ورکر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ٹھٹھہ میں پولیو ورکرز نے احتجاجی ریلی نکالی اور پولیو ورکرز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔شکار پور میں لیڈی ہیلتھ ورکرزنے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔پولیو ورکرز پر حملوں کے خلاف نوشہروفیروز میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دوسرے دن بھی پولیو مہم کا بائیکاٹ جاری رکھااور سول اسپتال سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔ بدین میں لیڈی ہیلتھ ورکرز نے ڈی او آفس سے ایوان صحافت تک ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ملتان میں معذور افراد کی نجی تنظیم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کو سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ قوم کے بچوں کو معذوری سے بچایا جاسکے۔گوجرانوالہ میں بھی پریس کلب کے باہر پولیو ورکرز نے احتجاج کیا اور پولیوورکرزپر حملہ کرنیوالوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔بہاول پور میں فرید گیٹ سے ڈی سی او آفس تک ریلی نکالی گئی۔مظفرآباد میں بھی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے احتجاج کیا اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔