22 جنوری ، 2014
کراچی …گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے پی پی کے رہنماء اور سابق وزیرداخلہ سنیٹررحمان ملک نے گورنر ہاوٴس میں ملاقات کی۔ اس موقع پرجاری صورتحال اور صوبے میں ہم آہنگی کی فضاء کے قیام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا،اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبے کو دہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے جس کے لیے ضروری ہے کے صوبے میں موجود تمام جماعتیں ٹھوس عزم کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں اور عوام میں دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے آگاہی پیدا کریں یہ مسئلہ پوری قوم کا مسئلہ ہے جس کے لیے مکمل اتفاق کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں اس امر پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردوں نے انسداد پولیو مہم میں مصروف رضاکاروں کو دہشت گردی کا نشانا بنایا انہوں نے کہا کہ رضاکار قوم اور ملک کے مستقبل کو بچانے کے لیے کوشاں تھے انہوں نے جاں بحق ہونے والے رضاکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبہ سندھ کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے کسی بھی دباو کو قبول نہیں کیا جائے گا اور ان دہشت گردوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا۔دریں اثناء گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے خودکش بم حملے میں شہید ہونے والے ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ گورنر سندھ کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر عشرت العباد خان نے شہید ایس پی چوہدری اسلم کی اہلیہ اور بچوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم پوری پولیس فورس کے لیے رول ماڈل تھے۔انہوں نے کہا کہ ان کی قربانی پر پوری قوم کو ناز ہے انہوں نے ملک و قوم کے لیے جو عظیم قربانی دی ہے وہ سب کے لیے مشعل راہ ہے۔