01 فروری ، 2014
لاڑکانہ…سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے آج سندھ فیسٹیول کا آغاز ہورہا ہے۔ فیسٹول کی افتتاحی تقریب اب سے کچھ دیر بعد موئن جو دڑو میں ہوگی۔ زندہ قومیں اپنے ماضی کو فراموش نہیں کرتیں اور اپنی تہذیب و تمدن، روایات اور ثقافت کو زندہ رکھتی ہیں۔اسی سلسلے میں نئی نسل کو سندھی ثقافت سے روشناس کرانے کیلئے سندھ فیسٹول کا آغاز کیا جارہا ہے۔فیسٹول کی افتتاحی تقریب سندھ کے 5ہزار سال قدیم تاریخی ورثے موئن جو دڑو میں ہوگی جس کیلئے 80 فٹ لمبا اور 60 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے۔ پنڈال کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، اسٹیج اور پنڈال کے اطراف کی گئی لائٹنگ ماحول پر سحر طاری کررہی ہے۔تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سمیت 5سو سے زائد اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ فیسٹیول کے دوران لوک فنکار فن کا مظاہرہ کریں گے، ثقافتی رقص پیش کیا جائے گا جبکہ ماہرین آثار قدیمہ موئن جودڑو کی تاریخ پر روشنی ڈالیں گے۔براہ راست تقریب دیکھنے کیلئے عام افراد کیلئے موئن جو دڑو کے انتہائی بیرونی حصے میں ایک بڑی اسکرین نصب کی جارہی ہے۔سندھ فیسٹول کے لیے بختاور بھٹو زرداری نے ایک گانا بھی تیار کیا ہے ۔