پاکستان
04 فروری ، 2014

مانگی گئی وضاحت ملنے پر حکومتی کمیٹی طالبان سے ملاقات کیلئے تیار

مانگی گئی وضاحت ملنے پر حکومتی کمیٹی طالبان سے ملاقات کیلئے تیار

اسلام آباد…کالعدم تحریک طالبان نے اعلان کیا ہے کہ مولانا سمیع الحق،پروفیسر ابراہیم اور مولانا عبدالعزیزہی پر مشتمل ہماری کمیٹی ہے، نیا نام شامل نہیں کریں گے جبکہ مانگی گئی وضاحت ملنے پر حکومتی کمیٹی کے اراکین ملاقات کے لیے تیار ہو گئے۔ کہا کہ کوئی پیشگی شرط نہیں،بات چیت شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اسلام آباد میں طالبان سے مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں طالبان کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی سے کچھ وضاحتیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا،یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ طالبان کی نامزدکردہ دوارکان کے کمیٹی کاحصہ بننے سے انکارکے بعد کمیٹی کی حیثیت کیاہوگی؟ کمیٹی کے کوآرڈینٹر عرفان صدیقی نے مولاناسمیع الحق کوآگاہ کیا کہ جب تک حکومتی کمیٹی کی طرف سے پیش کردہ وضاحتوں کاجواب نہیں ملتا، باضابطہ اور بامقصد مذاکرات کا آغاز لا حاصل ہو گا۔اس کے بعد کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد کا بیان سامنے آیا کہ طالبان کی نامزدہ کردہ تین رکنی کمیٹی فائنل ہے، جسے بھی مذاکرات کرنے ہیں ، اسی کمیٹی سے کرنے ہوں گے اور اب اس کمیٹی میں کوئی نیا نام شامل نہیں کیا جائے گا۔ اس بیان کے سامنے آنے کے بعد مولانا سمیع الحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرس کی ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی سنجیدگی سب کے سامنے ہے، وہ تو طالبان سے رابطہ نہیں کرسکے،ہم پل کا کام کررہے ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کمیٹی میں مسجد کا موٴذن بھی ہوگا تو اس سے بھی بات کرنا ہو گی۔ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم مخلص ہیں مگر دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔بعد میں مولانا سمیع الحق اکوڑہ خٹک روانہ ہو گئے ۔ان کا کہنا ہے کہ انہیں جب مذاکرات کے لیے بلایا گیا حاضر ہو جائیں گے، مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں، ہروقت مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ طالبان کمیٹی کے کوآرڈی نیٹر مولانا یوسف شاہ نے جیونیوز سے بات کر تے ہوئے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن رحیم اللہ یوسف زئی نے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں بتایا ہے کہ آج مذاکرات ممکن نہیں، کیونکہ مولانا سمیع الحق اور کمیٹی کے دیگر ارکان جاچکے ہیں۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی۔ وزیرداخلہ نے کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کمیٹی مکمل بااختیار ہے، کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی اس کے پیچھے کھڑے ہوں گے۔حکومتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ طالبان کمیٹی جہاں چاہے بات چیت کیلئے تیار ہیں، حکومت کی کوئی پیشگی شرط نہیں،بات چیت کے مرحلے پروضاحتیں سامنے رکھیں گے، مولانا سمیع الحق سے فوری رابطہ کرکے ملاقات کا وقت اور جگہ کا تعین کریں گے۔

مزید خبریں :