11 فروری ، 2014
پشاور…پشاور کے سینماگھر میں فلم شو کے دوران دھماکوں سے 12افراد جاں بحق اور 24زخمی ہوگئے۔ حملہ آوروں نے فلم بینوں پر تین دستی بم پھینکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شمع سینما کی انتظامیہ کو خبردار کیا جاچکا تھا۔پشاور میں شمع سینما گھر پر 3دستی بموں سے کیا گیا۔ یہ گزشتہ 10روز کے دوران شہر کے سینما گھروں پر ہونے والا دوسرا حملہ ہے۔ دو فروری کو پکچر ہاوٴس کی طرح شمع سینما پر دستی بموں سے حملہ بھی شو کے دوران کیا گیا۔ دھماکوں سے سینما ہال میں افراتفری پھیل گئی اور عمارت کو نقصان پہنچا۔ دھماکے کے وقت سینما ہال میں سو سے زائد فلم بین موجود تھے۔ تحقیقاتی اداروں نے دھماکوں کی جگہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق حملے میں اس مرتبہ بھی چائنہ ساختہ دستی بم استعمال کیے گئے۔ پولیس حکام نے اس بار بھی حملے کا ذمہ دار سینما انتظامیہ کو قرار دیا۔سی سی پی او پشاور سیکیورٹی کے حوالے سے سینما انتظامیہ کو پہلے سے الرٹ کر دیا تھا۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ریسکیو اداروں نے شمع سینما دھماکوں کے زخمیوں اور مرنے والوں کو اسپتال منتقل کیا۔ یاد رہے کہ پشاور میں کل دس سے زائد سینما گھر تھے۔ جن میں سے بعض کو کمرشل پلازوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔