پاکستان
28 فروری ، 2014

جمشید دستی کے الزامات، ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز کو تبدیل کردیا گیا

جمشید دستی کے الزامات، ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز کو تبدیل کردیا گیا

اسلام آباد…جمشید دستی کے الزامات کے بعد پارلیمنٹ لاجز کے ڈائریکٹر کو تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جمشید دستی کو پیر کو ثبوت پیش کرنے کے لیے طلب کرلیا ہے۔ آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر کہا تھا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان پارلیمنٹ لاجز میں شراب نوشی اور رقص کی محفلیں سجاتے ہیں۔ جمشید دستی کے ان الزامات کے بعد چیئرمین سی ڈی اے نے ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز عشرت وارثی کو تبدیل کر کے ڈائریکٹر مینٹی ننس مقر ر کر دیا ہے۔ عشرت وارثی کی جگہ علی مراد کو نیا ڈائریکٹر پارلیمنٹ لاجز مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے جمشید دستی کو خط لکھا ہے کہ وہ پیر کو ان کے چیمبر میں پیش ہو کر پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے ثبوت فراہم کریں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ جمشید دستی اپنے ان الزامات کا ثبوت فراہم کریں کہ پارلیمنٹ لاجز میں شراب اور چرس پی جاتی ہے، لڑکیاں لائی جاتی ہیں اور مجرے ہوتے ہیں۔ اسپیکر نے جمشید دستی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے الزامات سے متعلق ویڈیوز بھی فراہم کریں۔ اسپیکر نے پارلیمنٹ لاجز کے سیکیورٹی انچارج کو سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ رکھنے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ گزشتہ شب ایک نامعلوم شخص پارلیمنٹ لاجز میں آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے کمرے کے باہر شراب کی خالی بوتل بھی رکھ گیا تھا جسے جمشید دستی نے پارلیمنٹ لاجز میں تعینات پولیس کے اے ایس آئی کے حوالے کردیا۔ جمشیددستی کا کہنا ہے کہ بعض لوگوں کو سچ پسندنہیں لیکن وہ سچ بولتے رہیں گے۔

مزید خبریں :