28 فروری ، 2014
کراچی …کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیوایم کے دو کارکنان سمیت 4افراد جاں بحق ہوگئے۔ کراچی کے علاقے ناظم آباد گول مارکیٹ کے قریب واقع جامع مسجد کے باہر نامعلوم ملزمان نے اس وقت فائرنگ کردی جب نمازی جمعے کی نماز ادا کرکے باہر نکل رہے تھے۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حامد اورخالد کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان متحدہ قومی موومنٹ کے مطابق دونوں جاں بحق افراد ایم کیو ایم ناظم آباد سیکٹر کے کارکن تھے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں کاروبار اور دکانیں بند کرادیں۔ متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما بابرغوری نے گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے قتل کا نوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں جہادی عناصرملوث ہیں۔ دوسری جانب لیاری ایکسپریس وے اور اورنگی ٹاوٴن میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔