28 فروری ، 2014
ملتان …ملتان میں سفاری پارک اورچڑیا گھر کیلئے خریدی گئی اراضی پر سفاری پارک تو نہ بن سکا لیکن اس کی جگہ مویشیوں کی منڈی ضرور بن گئی ہے۔ ملتان میں سفاری پارک کا منصوبہ پچھلے آٹھ برس سے التوا کا شکار ہے ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے 2006ء میں پہلی بار سفاری پارک بنانے کا فیصلہ کیاجس کیلئے 2007ء میں 4کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 463 کنال سے زائد اراضی بھی خریدی گئی ۔موضع بلیل میں خریدی گئی اس اراضی میں سے 320کنال اراضی اس منصوبے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دی گئی۔2008ء کے سالانہ بجٹ میں اس وقت کی ضلعی حکومت نے ایک کروڑ روپے کی رقم مختص بھی کی۔ پلائنگ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی طرف سے پہلے ضلعی حکومت کے اس منصوبے پر کچھ اعتراضات سامنے آئے، پھر فنڈز رکے اور یوں اب تک یہ منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا۔ اس صورتحال نے شہریوں کو مایوس کیا۔ اب پنجاب حکومت نے ایک بار پھر سفاری پارک کیلئے ضلعی حکومت کو 5کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی ہے۔ ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل کہتے ہیں یہ منصوبہ تین سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ شہر میں پہلے سے موجود تفریحی پارکس میں کہیں کچھ پرندے اور کہیں کچھ جانور رکھے تو گئے ہیں لیکن بہت ہی تھوڑی تعداد میں۔ مجوزہ سفاری پارک اور چڑیا گھر کی اس اراضی پر نظر آنے والے یہ جانور خرید و فروخت کیلئے تو موجود ہیں لیکن شہریوں کی تفریح کیلئے سفاری پارک اور چڑیا گھر کے لازم حصہ کے طور پر نہیں ۔