04 مارچ ، 2014
لاہور…انڈوپاک پنجاب گیمز میں کشتی کے مقابلوں میں پاکستانی پہلوان شفیق جھلا اور حیدر علی بھارتی حریفوں کو چت کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ لاہورمیں دیسی کشتی کے مقابلوں میں پاکستانی پہلوانوں نے بھارتی حریفوں کو چت کردیا۔ رسہ کشی کے مقابلوں میں بھی پاکستان کاپلہ بھاری رہا۔ پاکستانی پہلوان صدیق مٹر نے رستم ہند ستندر سنگھ کو مقابلے کا چیلنج دیدیا۔ پنجاب اسٹیڈیم میں پاکستانی اور بھارتی پہلوان خم ٹھونک کر مدمقابل آئے۔ پاکستان کے حید رعلی نے رینکو کو چاروں شانے چت کردیا۔ بھارت کے انیت سنگھ اور پاکستان کے طاہرعرف طاری کا مقابلہ برابر رہا۔ گوجرانوالہ میں ریچھ کو پچھاڑنے والے شفیق جھلا نے بھارت کے کرن سنگھ کا ایک بھی داوٴ نہ چلنے دیا اور مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ بھارتی پہلوان جگروپ اور پاکستان کے صدیق مٹر والا کے درمیان بھی مقابلہ دلچسپ رہا، صدیق مٹر والا نے اٹھارویں منٹ میں حریف کو پچھاڑ دیا۔ جگروپ کو چت کرنے والے صدیق مٹروالا نے بھارت کے رستم ہند ستندر سنگھ کو ایک ماہ کے اندر مقابلے کا چیلنج دے دیا۔ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کو رسہ کشی کے مقابلوں میں بھی شکست دیدی۔