05 مارچ ، 2014
اسلام آباد…پاکستان علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مذاکرات کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات اوردہشت گرد ی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس میں کہی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہراشرفی نے حکومت اور طالبان اپیل کی ہے کہ وہ غیرعسکری قیدیوں کو فوری رہا کریں اور جنگ بندی کی مخالف قوتوں کو بے نقاب کرکے قوم کو حقائق سے آگاہ کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر براہ راست بیٹھنا ہوگا۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ طالبان 23ایف سی اہلکاروں کی لاشیں حکومت کے حوالے کریں اور بتائیں اسلام آباد کچہری میں دہشت گردی میں کون ملوث ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فریقین کی جانب سے جنگ بندی کے اعلانات خوش آئند ہیں مگر دہشت گردی جاری رہی تو مذاکراتی عمل کو شدید دھچکا لگے گا۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ اب حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر براہ راست بیٹھنا ہوگا، مذاکراتی عمل تب ہی آگے بڑھ سکتا ہے جب فریقین قوم کا خون بہانے والوں کی نشاندہی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مفروضوں کی بنیاد پر مدارس کے خلاف مہم چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔