05 مارچ ، 2014
کراچی…ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو کا کہنا ہے کہ دو روز قبل ناظم آباد میں پولیس مقابلے کے دوران مارے جانے والے ملزمان پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد کے قتل میں ملوث تھے۔ ڈی آئی جی ویسٹ جاوید اوڈھو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دو روز قبل پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ملزمان ثمر علی اور باقر علی، مفتی عثمان یار خان کے قتل میں ملوث ہونے کے علاوہ 12 پولیس اہلکاروں سمیت 17افراد کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ جاوید اوڈھو کا کہنا تھا کہ ملزمان نے ایک نجی ٹی وی کے دفتر کے قریب فائرنگ بھی کی تھی جس میں چار افراد زخمی ہوئے تھے، ثمر علی اور باقر علی پہلے ایک سیاسی جماعت کیلئے کام کرتے تھے تاہم بعد میں کالعدم تنظیم سے وابستہ ہوگئے تھے۔