05 مارچ ، 2014
کراچی…کچھ گھوڑوں پر جوکی بیٹھتے ہیں نہ ان پر دولہا سواری کرتے ہیں، پولیس کی وردی پہننے والے یہ وی آئی پی گھوڑے وی آئی پیز کی حفاظت کرتے ہیں ۔بات کرتے ہیں بادل اور نیلسن کی، جونہ بگڑے ہوئے ہیں نہ ہی بے لگام ہیں لیکن روزانہ بن ٹھن کر رخ کرتے ہیں کراچی کے تفریحی مقام سی ویو کا ۔ اصطبل میں بادل اورنیلسن کو خوب کھلائی پلائی اور مالش کے بعدچمکایا جا رہا ہے، انہیں نہ تو ریس کورس جاناہے نہ ہی کوئی دولہا ان پرسوار ہوگا بلکہ وردی کے طور پرپولیس کے مونوگرام والی زین پہنے یہ گھوڑے سندھ پولیس کے گھڑ سوار دستے کا حصہ ہیں۔ گھڑ سوار اہل کار وی آئی پیزکے استقبال کے ساتھ ساحل پر سیکیورٹی گشت کرتے ہیں۔ برطانوی دور کی یاد دلاتے یہ پولیس اہلکارسی ویو سمیت دیگر مقامات پر روانہ ہوتے ہیں تو بعض لوگ تعجب سے بھی دیکھتے ہیں، لاٹھیوں کے ساتھ اب ان کے پاس اسلحہ بھی ہوتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ساحل پرگھڑ سوار پولیس کی موجودگی تحفظ کا احسا س دلاتی ہے۔ گھڑ سوار پولیس ان مقامات پر بھی کار آمد ہے جہاں موبائلیں کام چھوڑ دیتی ہیں۔گھڑ سوار پولیس اہلکار جہاں گزرے وقت کی یاد دلاتے ہیں وہیں ساحل سمیت کئی مقامات پر حفاظتی گشت کا موثر ذریعہ بھی ہیں۔