12 مارچ ، 2014
اسلام آباد…طالبان سے مذاکرات پر اعتماد میں لینے کیلئے وزیر اعظم نواز شریف عمران خان کے گھر پہنچ گئے، کہا کہ وہ یہاں پاکستان کیلئے آئے ہیں، کوشش ہے کہ اب خون کا ایک قطرہ بہائے بغیر امن قائم ہوجائے۔ عمران خان نے کہا کہ مذاکرات نے طالبان کو تقسیم کردیا ہے۔ دونوں رہنماوٴں نے اتفاق کیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے امن مذاکرات جاری رہیں گے۔ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف عمران خان سے ملاقات کے لیے سیکورٹی اور پروٹوکول کے بغیر ان کی رہائش گاہ بنی گالہ پہنچ گئے۔ ڈرائیونگ کی ذمہ داری چوہدری نثار نے سنبھالی۔ وزیراعظم نے عمران خان سے ہاتھ ملاتے ہی کہاکہ' آپ نے مشاورت کی خواہش کا اظہار کیا ،میں خود آگیا'۔ وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں طالبان کے ساتھ آئندہ مذاکرات کی حکمت عملی پر تفصیلی تبالہ خیال ہوا۔ وزیرداخلہ نے نئی کمیٹی سے متعلق بریف کیا جبکہ وزیراعلیٰ پختون خوا نے صوبے کی امن وامان کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کا کہناتھاکہ کسی ایک شخص کا خون بہائے بغیرامن کی منزل حاصل کرنا چاہتے ہیں۔سربراہ تحریک انصافعمران خان ۔ہمیں معلوم ہے کہ بعض گروپ مذاکرات نہیں کرنا چاہتے ،وہ اس عمل کوسبوتاڑ کرنا چاہتے ہیں ، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔عمران خان نے کہاکہ پہلی مرتبہ کسی حکومت نے طالبان سے سنجیدہ مذاکرات کی کامیاب کوششیں کیں، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کی حکمت عملی قابل تحسین ہے، فاٹا کے بڑے گروپس مذاکرات چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوتے ہیں تو آخری آپشن آپریشن ہی ہوتاہے، موجودہ حکومت نے مذاکرات کرکے طالبان کوتقسیم کردیا ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ملاقات انتہائی مثبت رہی، وہ ہرپیش رفت پر عمران خان کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ نئی مذاکراتی ٹیم میں رستم شاہ ہی ہمارے نمائندے ہیں، مذاکرات پہاڑوں پر نہیں ہوسکتے، ہمیں بتایا گیا ہے کہ ایک دو روز میں مذاکرات شروع ہوجائیں گے، حکومت فیصلہ کرچکی ہے کہ اسٹرکچرڈ ڈائیلاگ ہوں گے۔ عمران خان نے بتایا کہ طالبان سے مذاکرات میں پولیو ورکرز کے تحفظ پر بھی بات چیت ہوگی، مذاکراتی عمل کی مکمل حمایت فوج بھی کررہی ہے۔