16 مارچ ، 2014
اسلام آباد…وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں نیا سیکیورٹی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔وفاقی دارالحکومت کو محفوظ بنانے کے لئے نئی آپریشنل حکمت عملی 15 اپریل سے نافذ العمل ہو گی ۔اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں چودھری نثار کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز کے مشترکہ گشت کا آغاز کر کے رینجرز کو سیکیورٹی کی اضافی ذمہ داریاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی ایلیٹ فورس کی طرز پر تربیت کی جائے گی جس کیلئے تربیت یافتہ ریٹائرڈ فوجی بھرتی کئے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا ایف آئی اے کو کارکردگی بہتر بنانے جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت اقدام اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔چودھری نثار نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر سے روابط رکھنے والے اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔