18 مارچ ، 2014
واشنگٹن… امریکا کاکہناہے کہ طیارے میں موجود کسی مشکوک شخص نے ممکنہ طور پر کمپیوٹر سسٹم کی مدد سے طیارے کا راستہ تبدیل کیا امریکی اخبار کے مطابق واشنگٹن میں سینئر حکام نے بتایا کہ گمشدہ طیارے کا رخ طے شدہ راستے سے ہٹا کر مغرب کی طرف موڑنے کا کام کمپیوٹر پروگرام کے ذریعے کیاگیا، یہ کام کرنے والا شخص کاک پٹ میں ہی موجودتھا اور طیاروں کے سسٹمز سے بخوبی آگاہ تھا۔کاک پٹ میں موجودشخص نے طیارے کا رخ موڑنے کے لیے کی بورڈ کی 7 سے 8کیز استعمال کیں ،تاہم ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ طیارے کے فلائٹ پروگرام میں تبدیلی اس کے روانہ ہونے سے پہلے کی گئی یا بعد میں ، امریکی حکام کے دعووں سے ملائیشین حکام کے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ طیارے کا رخ جان بوجھ کر تبدیل کیاگیا ، دوسری جانب ملائیشیا میں چین کے سفیر ہوآنگ کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار کوئی چینی شہری دہشت گردی میں ملوث نہیں۔8 مارچ کو کوالا لمپور سے بیجنگ روانہ ہونیوالا ملائیشین طیارہ 11 روز سے لاپتہ ہے اور اس کی تلاش میں 26 ملکوں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔