پاکستان
20 مارچ ، 2014

قائم علی شاہ سندھ کے بہت سے محکموں اور اداروں کے سربراہ

قائم علی شاہ سندھ کے بہت سے محکموں اور اداروں کے سربراہ

کراچی…خدا قائم رکھے قائم علی شاہ کو، سندھ کے وزیراعلیٰ دو چار نہیں بہت سے محکموں اور اداروں کے سربراہ ہیں۔ اٹھارویں ترمیم نے توارکان کابینہ کی تعداد کو اسمبلی کی نشستوں سے مشروط کر دیا تھا وہیں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ صوبے کے چیف ایگزیکٹیو ہونے کے ساتھ تقریباً نصف درجن سے زائدمحکموں کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت کے ذرائع کے مطابق کئی محکموں کے انچارج وزیر کا قلمدان ہونے کے باوجود بھی وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندرو سے محکمہ قانون کی ذمہ داری خود سنبھال لی۔ ذرائع کے مطابق اس وقت سید قائم علی شاہ وزیر اعلیٰ ہونے کے ساتھ ساتھ محکمہ قانون، محکمہ صحت، محکمہ داخلہ، محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن، محکمہ کوآپریشن، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات، محکمہ صنعت و تجارت، محکمہ آبپاشی جیسے اہم محکموں کے انچارج وزیر بھی ہیں۔ اٹھارہ وزراء اور کئی مشیروں اور معاونین خصوصی کے تقرر کے باوجود وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے انتہائی اہم محکموں کے قلمدان اپنے پاس رکھے ہوئے ہیں۔ یہی نہیں سید قائم علی شاہ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت صوبے کی جامعات اور تعلیمی بورڈز کے کنٹرولنگ اتھارٹی بھی ہیں جبکہ سندھ ہائی ڈینسٹی بورڈ، سندھ کول انرجی بورڈ، سندھ مینجمنٹ فنڈ ہاؤس کے سربراہ بھی ہیں۔یوں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ صوبے کی انتہائی طاقتور، بااختیار اور جوابدہ شخصیت ہیں۔

مزید خبریں :