صحت و سائنس
24 مارچ ، 2014

بلوچستان: انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہورہی ہے ، بائیس لاکھ مستفید ہونگے

کوئٹہ … بلوچستان بھر میں انسداد پولیو کی قومی مہم آج سے شروع ہورہی ہے ،صوبے کے 32اضلاع میں بائیس لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو اوروٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبائی سیکرٹری صحت عبدالصبور کاکٹر نے جیو نیوز کو بتایا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 32اضلاع میں آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تین روزہ پولیو مہم کے دوران صوبہ بھر میں 22لاکھ 38ہزار چھ سو بچوں کو گھر جاکر پولیو سے بچاو اوروٹامن اے کے قطرے پلانے کیلئے 6ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جبکہ سات سو اسی فکس اوردو سو اسی ٹرانزٹ ٹیمیں بھی انسداد پولیو مہم میں حصہ لیں گی۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔جس کیلئے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ میں پولیس ،بلوچستان کانسٹبلری کے ساڑھے چار سو اہلکار پولیو ٹیموں کے ساتھ ہوں گے۔جبکہ صوبے کے بارہ ہائی رسک اضلاع میں انسداد پولیو کی مہم کی نگرانی صوبائی سیکرٹریز کریں گے۔

مزید خبریں :