22 جنوری ، 2012
کراچی…رفیق مانگٹ… ڈیوڈ ہیڈلی کی پہلی بیوی شازیہ نے ممبئی حملوں کو سارا دن ٹی وی پربراہ راست دیکھااور حملوں کے بعد اس نے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اسے اپنے خاوندپر فخر ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسیNIAنے دہلی کورٹ میں بتایا کہ ڈیوڈ ہیڈلی کی بیوی نے ممبئی حملے کی مبار ک باد دی تھی۔51سالہ ہیڈلی اور دیگر 8افراد پر چارج شیٹ پر عدالت میں دلائل دیتے ہوئے یہ بات کہی گئی کہ ہیڈلی کی بیوی نے 26نومبر کے دہشت گرد حملے کو ٹی وی پر سارا دن براہ راست دیکھا۔تحقیقاتی ایجنسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہیڈلی کی پہلی بیوی شازیہ نے ممبئی حملے کے بعد انہیں ای میل کی اور کہا کہ اس نے سارا شو ٹی وی پر دیکھا ہے ،اس (ہیڈلی)نے گریجوایٹ کر لیا ہے اور اسے ہیڈلی پر فخر ہے۔اس کی بیوی نے ای میل میں کارٹون دیکھنے جیسے کوڈ ورڈز استعمال کیے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد سماعت چار فروری تک ملتوی کردی۔