06 اپریل ، 2012
لاہور … پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے حافظ سعید کی گرفتاری کیلئے امریکی انعام سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ امریکا کا مسئلہ ہے ان کا نہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے یہ بات لاہور کی لمز یونیورسٹی میں پاکستان کی بیرونی امداد سے متعلق تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ایڈم تھامسن کا کہنا تھا کہ حافظ سعید کی گرفتاری کیلئے امریکی اعلان کا برطانیہ سے کوئی تعلق نہیں، وہ اس پر بات نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی وجہ سے پاکستان کو قربانیاں دینی پڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جی ڈی پی افغانستان سے بہتر نہیں، اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا کہ دنیا سے غربت کے خاتمے کیلئے ایسا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس میں امیروں کے بجائے غریبوں کو فنڈز دئیے جائیں گے۔