06 اپریل ، 2012
کوئٹہ … سریاب روڈ سے 10 مارچ کو لاپتہ ہونے والے 7 میں سے 4 افراد بازیاب ہوگئے، چاروں بازیاب افراد کو سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری پہنچادیا گیا، سریاب روڈ سے رواں سال 10 مارچ کو 10 افراد لاپتہ ہوگئے تھے۔ ان کے لواحقین نے الزام لگایا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی میں ان افراد کوماورائے عدالت اغواء کیا تھا۔ لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے ان کے لواحقین نے شدید احتجاج بھی کیا تھا، بعد میں 10 میں سے 3 افراد اپنے گھروں کو پہنچ گئے تھے تاہم 7 اب تک لاپتہ تھے جن میں سے 4 کو آج سپریم کورٹ میں پیش کردیا گیا ہے۔ ان بازیاب ہونے والے 4 افراد میں جاوید، ہزار خان، مزار خان اور ملک شیر شامل ہیں جبکہ دیگر 3 افراد ابھی تک لاپتہ ہی ہیں ان میں میر جان، گل میر اور امیر جان شامل ہیں۔ گزشتہ روز بلوچستان میں امن و امان سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے آئی جی پولیس راوٴ امین ہاشم کو حکم دیا تھا کہ ان 7 لاپتہ ہونے والے افراد کو آج عدالت میں پیش کیا جائے اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو انہیں اور دیگر متعلقہ پولیس افسران کو معطل کردیا جائے گا۔