13 مئی ، 2014
کراچی…کراچی اور لاہور سے لیے گئے سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، قومی اسمبلی نے پولیو کے خاتمے کی قرار متفقہ طور پر منظور کرلی ہے۔ قومی ادارہ صحت کے ذرائع کے مطابق کراچی کے گڈاپ ٹاوٴن، مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ اور راشد منہاس روڈ گلشن اقبال سے لیے گئے، سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ لاہور کے آوٴٹ فال پمپ روڈ سے حاصل کیے گئے نمونوں میں بھی پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ پشاور کے سیوریج نمونوں اور اسلام آباد میں وائرس نہیں پایا گیا۔ دوسری طرف ملک میں پولیو کی موجودہ صورتحال اور عالمی تشویش قومی اسمبلی میں بھی زیر بحث آئی ، پولیو کے خاتمے کی کوششیں تیز کرنے کیلئے وزیرمملکت سائرہ افضل نے قرارداد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اب نہ ڈرون کا مسئلہ ہے اور نہ شکیل آفریدی کا، انسداد پولیو کے لیے کمیٹی بنائی جائے اور تمام ارکان اپنے حلقوں میں قطرے پلانے کی ذمہ داری لیں۔ رکن اسمبلی شاہدہ رحمانی نے تجویز دی کہ پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کیخلاف قانون سازی کی جائے، قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔