17 جون ، 2014
کراچی .....اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کاشمالی وزیرستان میں آپریشن کا باضابطہ آغاز حصص بازار میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید بحال کرنے کیلئے معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ملک میں دہشت گردی کے واقعات کے باوجود رواں سال کے آغاز سے کراچی اسٹاک مارکیٹ میں حصص کی مالیت میں 18 فیصد اضافہ ہوا،جبکہ شمالی وزیرستان میں شروع ہونے والے فوجی آپریشن سے ماہرین امید کررہے ہیں کہ اس کے مثبت اثرات کراچی اسٹاک مارکیٹ پر پڑسکتے ہیں۔ اگر ماضی میں ہونے والے فوجی آپریشن پر نظر ڈالی جائے تو 2004 میں ہونے والے جنوبی وزیر ستان میں آپریشن کے دوران انڈیکس میں 2 فیصد اضافہ ہوا،جبکہ 2007 میں ہونے والے سوات آپریشن بھی مارکیٹ میں 5 فیصد کی تیزی لایا۔ماہرین توقع کررہے ہیں کہ پاک فوج کی جانب سے ضرب عضب آپریشن کی کامیابی نہ صرف خطے میں امن بحال کرے گی ،بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کا رجحان بھی بڑھے گا۔ گزشتہ 13 سال میں حکومت کو دہشت گردی کی وجہ سے 103 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔