23 جون ، 2014
ریوڈی جنیرو....فیفا ورلڈ کپ فٹ بال میں آج چار میچز کھیلے جائیں گے، اسپینش ٹیم ایونٹ کا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔آج کا پہلا میچ اسپین اور آسٹریلیا کے درمیان رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔ گروپ بی کی دونوں ٹیمیں پہلے ہی دوسرے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔دوسرا میچ بھی رات 9 بجے، گروپ بی کی ہالینڈ اور چلی کے درمیان شروع ہوگا۔دونوں ٹیموں 6، 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی ناک آوٹ مرحلے کے لئے کوالی فائی کرچکی ہیں۔رات 1 بجے تیسرے میچ میں گروپ اے میں موجود میزبان برازیل اور کیمرون کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ برازیل کے دو میچز کے بعد 4 جبکہ کیمرون کا کوئی پوائنٹ نہیں۔ میچ میں کامیابی برازیل کو دوسرے رائونڈ کا ٹکٹ تھما دے گی۔آج کا آخری میچ بھی رات 1 بجے کرویشیا اور میکسیکو کے درمیان کھیلا جائے گا۔ میکسیکو کے 2 میچز کے بعد چار پوائنٹس ہیں، انہیں اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کے لئے یہ میچ جیتنا ہوگا، کرویشیا کی ٹیم کیمرون کو ہرا کر پہلے ہی 3 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔