09 جولائی ، 2014
ملتان......وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے تعاون کے لیے تیار ہیں، طاہرالقادری کا پارلیمنٹ میں کوئی وجود نہیں، وہ کینیڈا جا کر اعتکاف میں بیٹھیں۔ ملتان سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ 14اگست مارچ ملک کی آزادی اور سالمیت کے خلاف ہے، امید ہے عمران خان غیر جمہوری عمل تک کر دیں گے کیونکہ جمہوریت میں کوئی ڈیڈ لائین نہیں ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طاہر القادری کونسلر کی سیٹ نہیں جیت سکتے، پرویز الٰہی اپنے گھر کی سیٹ ہار گئے ہیں اور شیخ رشید لال حویلی میں 40سے 50افراد جمع نہیں کر سکتے، یہ لوگ کیا انقلاب لائیں گے۔