پاکستان
12 جولائی ، 2014

ماہ رمضان میں بھی عوام بجلی کےلئے ترس رہے ہیں

ماہ رمضان میں بھی عوام بجلی کےلئے  ترس رہے ہیں

کراچی......ماہ رمضان میں بھی عوام بجلی کو ترس گئے۔ ملک کے مختلف شہروں میں بجلی گھنٹوں گھنٹوں غائب رہتی ہے جس کی وجہ سے سحر و افطار میں لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، سحر اور افطار کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان ہوا تو عوام نے پچھلے تمام تلخ تجربات بھلا کر نئے سرے سے امیدیں باندھ لیں، لیکن اس باربھی سب کچھ حسب روایت ہی رہا، بجلی کی آنکھ مچولی نہ رکی اور نہ ہی صورتحال بدلی، بہت سے علاقوں میں لوگوں کی سحر اور افطار اس بار بھی اندھیروں میں ہی گزر رہی ہے۔پشاور کے شہری علاقوں میں بجلی کی لوڈشیدنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے سے بھی تجاوز کرگیا ہےجبکہ دیہی علاقوں میں تو پورے دن میں 4 سے 5 گھنٹے ہی بجلی شکل دکھاتی ہے۔بلوچستان میں چمن ، پشین ، زیارت اور لورالائی سمیت کئی علاقو ں میں ہر گھنٹے بعد دو گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔لاہورسمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی تو ہے ہی، ساتھ میں طویل لوڈشیڈنگ نےشہریوں کا جینا محال کر دیا ہے، لاہور کے کچھ علاقوں میں تو دس سے پندرہ منٹ ہی بجلی آتی ہے۔سندھ میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہیں،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ لوگوں کے صبر کا خوب امتحان لے رہی ہے۔

مزید خبریں :