04 اگست ، 2014
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ڈی آئی خان میں روڈ پر نصب بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں تحریک انصاف کے رہنما اور روحانی پیشوا فقیر جمشید نوری سمیت 3افراد کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے بم دھماکہ کے نتیجے میں فقیر جمشید سمیت متعدد افراد کے شہید و زخمی ہونے پر تحریک انصاف کے رہنمائوں ، کارکنوں اور شہید کے عقیدت مندوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا اور سوگواران کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے مطالبہ کیا کہ بنوں میں مڈھی روڈ پر نصب دھماکہ کے ذریعے تحریک انصاف کے رہنما فقیر جمشید اور متعدد افراد کو نشانہ بنائے جانے کا سختی سے نوٹس لیاجائے ، اس میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے۔