20 اگست ، 2014
ہیوسٹن .....راجہ زاہد اختر خانزادہ..... پاکستان اور بھارت کے لوگوں میں کوئی فرق نہیں ،یہ ہمارے سیاستدان ہیں جو کہ فرق ڈالتے ہیں لیکن ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ہم ایک دوسرے سے یونہی پیار کا رشتہ برقرا رکھیں ،یہ بات بالی وڈ کے معروف گلوکار میکا سنگھ نے ہیوسٹن میں جیو نیوز کے خصوصی نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس اور ہیوسٹن میں ہونے والے ان کے شوز میں جس طرح کا پیار پاکستانی پرستاروں سے ملا ہے وہ قابل ستائش ہے انہوں نے کہاکہ انڈین تو میرے ہی ہیں لیکن پاکستانی جب بھرپور پیار دیتے ہیں تو ان کو خوشی ہوتی ہے۔ میکا سنگھ نے کہاکہ ہیوسٹن میں ہونے والا شو ایک بھرپور شو تھا ،انہوں نے کہاکہ اگست کے موقع پر دونوں ممالک کے لوگ خوب خوشیاں منائیں ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے پاکستان کا دورہ کیا اور پورا پاکستان بغیر کسی باڈی گارڈ کے گھوما مجھے لاہور اور کراچی والوں نے جو پیار دیا وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ان کو جب بھی دوبارہ پاکستان جانے کا موقع ملا وہ ضرور پاکستان جائیں گے اور یہ بات وہ بلاجھجک کہتے ہیں کہ آئی لو پاکستان اور آئی لو مائی فین اِن پاکستان۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے گلوکار غلام علی خان سے آپ خود پوچھ لیں کہ جب بھی وہ انڈیا آتے ہیں تو کس کے گھر پر قیام کرتے ہیں اسی طرح راحت فتح علی خان اور جاوید بشیر بھی ہمیشہ ان کے گھر پر قیام کرتے ہیں جبکہ میں آپ کو بھی بھارت آنے کی دعوت دیتا ہوں آپ میرے مہمان ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی پاکستان سے دوست میرے پاس آتے ہیں میں اُن کے ساتھ بھرپور انجوائے کرتا ہوں انہوں نے کہاکہ اس بات سے ہر کوئی واقف ہے کہ پاکستانی میوزک انتہائی بیسٹ (Best) ہے خصوصی طور پر نصرت فتح علی خان مرحوم کو ہم سب ہی سنتے ہیں انہوں نے کہاکہ میرا پیغام یہی ہے کہ ہم ایک دوسرے سے اسی طرح پیار کرتے رہیں جبکہ میرے پیغام کی بھی کوئی ضرورت نہیں جو نظارہ میں امریکہ میں اپنے شوز کے دوران دیکھ رہا ہوں اُس سے ہی پتہ چل جاتا ہے کہ مجھ سے پاکستانی کتنا پیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انڈین تو میرے ہی ہیں جبکہ ہممیں کوئی فرق بھی نظر نہیں آتا کیونکہ ہماری شکلیں‘ زبان‘ بھاشا‘ اسٹائل سب ایک ہیں‘ وہی ایک پنجابی ہے اگر صرف فرق ہے تو اس کا سب کو معلوم ہے کہ سیاستدان جب آتے ہیں تو ہمارے درمیان فرق آ جاتا ہے مگر میں چاہوں گا کہ ہم ایک دوسرے سے یونہی پیار کرتے رہیں جبکہ میری بھرپور کوشش ہو گی کہ امن کی آشا کا یہ سفر اسی طرح چلتا رہے اور میں جب کبھی بھی ورلڈ ٹور پر جائوں‘ باہر بسنے والے انڈین اور پاکستانیوں کو ایک ساتھ اس طرح ہی نچاتا رہوں۔ اس موقع پر ہیوسٹن کے پروموٹر ریحان صدیقی نے کہاکہ اس طرح کے شوز کے ذریعے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان یونٹی اور اتحاد قائم ہوتا ہے کیونکہ ہم جب ملک سے دور ہوتے ہیں تو یہی میوزک ہے جو کہ ہم دونوں کو قریب لاتا ہے۔اس موقع پر شیک انٹرٹینمنٹ کے سی ای او امیر علی مکھانی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔