03 ستمبر ، 2014
اسلام آباد...... تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایوان سیاسی کعبہ ہے، اس گھر کو جلانے نہیں بچانے آئے ہیں ، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا وہ جمہوریت کے خلاف کسی گرینڈ پلان کا حصہ نہیں ہیں۔ ایوان سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے دھرنے کے پس منظر اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیل بیان کی ، تاہم استعفوں کا ذکر نہیں کیا، پارلیمنٹ پر حملے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوان انھیں اتنا ہی عزیز ہے جتنا ہر ایک ممبر کو،یہ ایوان سیاسی کعبہ ہے، اس گھر کو جلانے نہیں، اس گھر کو بچانے آئے ہیں۔ ؟وزیر اعظم ہاؤس کی طرف بڑھنے کے فیصلے سے متعلق صفائی دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا کہ طاہر القادری کو کہا تھا کہ پر امن ماحول ہے، ایسا ہی رہنے دیں،لیکن طاہر القادری نے جواب دیا کہ یہ مجمع اب نہیں رک سکتا۔ شاہ محمود قریشی نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ تحریک انصاف کے دھرنے کے پیچھے کوئی اسکرپٹ یا گرینڈ پلان ہے۔ اپنی تقریر میں انھوں نےاعلان کیا کہ معاملات کے حل کے لیے تحریک انصاف ایک بار پھر مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کو تیار ہے۔اس سے پہلے شاہ محمود کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے ارکانِ قومی اسمبلی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ تحریک انصاف کے ارکان بارہ بجے سے کچھ پہلے سینیٹر زاہد خان کی تقریر کے دوران ایوان میں داخل ہوئے۔ اس دوران ایوان شیم شیم کے نعرون سے گونج اٹھا۔اسپیکر نے اراکین کو چپ کرایا اور کہا کہ جملے بازی بند کریں، یہ پارلیمنٹ ہے، ڈی چوک نہیں۔