11 ستمبر ، 2014
لاہور........پنجاب میں 48 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہےجس کے بعد صوبے میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد 34 ہوگئی۔ محکمہ صحت نے ڈینگی لاروا ملنے کے بعد لاہور کے راوی ٹاؤن،فیروز والا اورشیخوپورہ کو ہائی رسک قرار دے دیا۔ پنجاب میں ڈینگی مچھر ایک مرتبہ پھر پر پھیلانے لگا۔ ڈینگی وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔ 24گھنٹوں کے دوران 5نئے مریض سامنے آ گئے۔ 23 سالہ شہزاد اور 25سالہ اسماء گورنمنٹ شاہدرہ اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ 55سالہ سیماں، 18سالہ رشید اور 20سالہ گلزار کو لاہور کے میو اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے ذرائع اعتراف کرتے ہیں کہ حالیہ بارشوں کے باعث اینٹی ڈینگی سکواڈ اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکا۔ سیلاب کی وجہ سے ڈینگی پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے،ایک ہفتے کے دوران لاہور اور شیخوپورہ کے80مقامات سے ڈینگی لاروا ملا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت سپرے اور مچھروں سے بچاؤ کیلئے اقدامات نہ اٹھائے تو ڈینگی وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔