24 ستمبر ، 2014
اسلام آباد...... قو می اسمبلی سیکریٹریٹ نے تحریک انصاف کی یہ درخواست مسترد کر دی ہے کہ ارکان کے استعفوں کی تصدیق سب کو ایک ساتھ بلا کر کی جائے ۔ پی ٹی آی پر واضح کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی قواعد کے تحت استعفادینے والے ارکان پر لازم ہے کہ وہ تصدیق کے لیے اسپیکر کے سامنے انفرادی طور پر پیش ہوں۔ ارشد وحید چوہدری کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی اور چیف وہیپ ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا ہے کہ قومی اسمبلی قواعدکے تحت استعفا دینے والے ہر رکن کو اسپیکر کے روبرو پیش ہونا اور مطمئن کرنا لازم ہے کہ اس نے استعفا بغیر کسی دباؤ کے رضا کارانہ دیا ہے اور یہ اصلی ہے۔ قواعد کے تحت یہ لازم ہے کہ ہر رکن انفرادی طور پر آئے نہ کہ اجتماعی طور پر اور جس دن بلایا گیا ہے ، اسی دن آئیں ۔اس سے قبل شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر عارف علوی اسپیکر سے استدعا کر چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کے تمام مستعفی ارکان کو اکٹھا بلایا جائے۔ اسپیکر نے استعفوں کی تصدیق کے لیے شاہ محمود قریشی،ڈاکٹر عارف علوی اور شیریں مزاری کو جمعرات کو جبکہ تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو 13 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے۔