30 ستمبر ، 2014
لاہور...... لاہور میں پانچ سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرکر ہلاک ہوگیا ، اپنے آنگن کا پھول مرجھایا دیکھ کر والد شدت غم سے نڈھال ہو گیا۔ورثاء لاش سڑک پر رکھ کر سراپا احتجاج بنے رہے۔ پانچ سالہ اذان اپنے رکشہ ڈرائیور باپ اعجاز کے ہمرا ہ قائد اعظم انڈسٹریل ایریا گیا تھا، باپ کام کاج میں مصروف ہو ا اور بچہ کھیل کود میں ، اسی دوران کمسن کھلے مین ہول میں گرگیا،مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچے کو نکالا لیکن وہ دم توڑ چکا تھا۔ بچے کی میت گھر پہنچی تو رشتے دار اور اہل علاقہ مشتعل ہو گئے اور انھوں نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا،پولیس نے موقع پر پہنچ کر یقین دہانی کرائی تو مظاہرین منتشر ہو گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کھلے مین ہول میں بچے کی ہلاکت پہلا واقعہ نہیں، انتظامیہ ہر بار تسلیاں دیتی ہے لیکن مین ہولز پر ڈھکن نہیں لگاتی۔