24 جنوری ، 2012
کراچی… افضل ندیم ڈوگر… کراچی میں 10سال سے بند اہم شاہراہ فاطمہ جناح کو اچانک عام ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے جس سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔کراچی میں صدر سے کینٹ اسٹیشن تک جانے والے شہر کی مرکزی شارع فاطمہ جناح روڈ کو سال 2001 میں سانحہ نائن الیون کے بعد بدامنی کے نقطہ نظر سے شہر کی دیگر کئی سڑکوں کی طرح آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ عبداللہ ہارون روڈ سمیت دیگر کئی سڑکیں تو مختلف اوقات میں کھول دی گئی تھیں لیکن میٹروپول سے کینٹ تک فاطمہ جناح روڈ بند رکھی گئی تھی جس کی وجہ سے شہر کی تاریخی لائبریری اور فریئرہال پارک دس سال سے ویران تھے جبکہ اس شارع پر واقع سندھ کلب، پی اے سی سی، ایک مشنری اسکول اور مکینوں کو دشواری کا سامان تھا جبکہ اہم شارع بند ہونے سے ٹریفک کا دباؤ عبداللہ ہارون روڈ اور آس کی سڑکوں پر تھا۔ امریکی قونصل جنرل کی رہائش گاہ اور بند بھارتی قونصل خانہ بھی اسی روڈ پر واقع ہے۔ روڈ سے پولیس کی رکاوٹیں اور گارڈز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ٹریفک اور شہریوں کی آمدورفت سے فاطمہ جناح روڈ پر رونق بحال ہوگئی ہے۔ جبکہ کلفٹن، ڈیفنس، کینٹ اسٹیشن اور دیگر علاقوں میں آمدورفت کے لئے شہریوں کو آسانی ہوگی۔