پاکستان
14 اکتوبر ، 2014

برف باری اور بارش سے بیشتر علاقوں میں موسم سرد

برف باری اور بارش سے بیشتر علاقوں میں موسم سرد

اسلام آباد........ ملک کے بیشتر شہروں میں موسم تبدیل ہورہا ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میںبارش اور بالائی علاقوں میں برفباری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ شمالی وزیرستان میں برف باری اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ملک میں کئی مقامات پر درجہ حرارت گرنا شروع ہوگیا ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن میں گہرے بادلوں کا راج ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں گذشتہ روز سے بارش کاسلسلہ جاری ہے۔ چنیوٹ، چیچہ وطنی، جہانیاں اور بیشتر شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث سردی بڑھ گئی ہے۔ فیصل آباد اور گردونواح میں آج صبح ہلکی بارش ہوئی ، اب بھی آسمان بادلوں کی لپیٹ میں ہے اور وقفے وقفے سےرم جم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ہلکی بارش سے گرمی کا احساس ختم اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ گلگت بلتستان میں غذر اور استور میں بارش اور پہاڑوں پر برفبار ی جاری ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش کے بعد سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔سوات اور چترال میں بارش اور برفباری سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ مظفر آباد میں بھی موسم سرماکی پہلی بارش ہوئی۔ میرپوراورگردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شمالی وزیرستان میں تحصیل شوال برف باری اور رزمک، میران شاہ، دتہ خیل میں بارش سے موسم سرد ہوگیا ادھر سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی متاثر ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز سے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری اور سندھ اور بلوچستان میں 2 سے 4 ڈگری گرنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں :