20 اپریل ، 2012
اسلام آباد … راولپنڈی میں بھوجا ایئر لائن کے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں گروپ کیپٹن (ر) مجاہد الاسلام کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن نے کنٹرول ٹاور اور ریڈار کا ریکارڈ سیل کردیا، این ڈی ایم اے نے ایمرجنسی سیل بھی قائم کردیا ہے۔ بھوجا ایئر لائن کے طیارے کے حادثے میں 129 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے گروپ کپٹن (ر) مجاہد الاسلام کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن نے کنٹرول ٹاور اور ریڈار کا ریکارڈ شیل کردیا ہے جبکہ سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ حادثے کی تحقیقات کررہا ہے۔ دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ایمرجسنی سیل قائم کردیا ہے جو صورتحال کو مانیٹر کررہا ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ہدایت کی ہے کہ ریسکیو آپریشن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ واقعے سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ فوری طور پر حادثے کی وجہ نہیں بتائی جاسکتی، آپریشن روم اہل خانہ کو ہر ممکن معلومات فراہم کرے۔ ڈی جی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں پمز اسپتال منتقل کی جائیں گی۔