16 اکتوبر ، 2014
اسلام آباد...... عمران خان نے تو خیبر پختونخوا میں 15 نومبر کو بلدیاتی انتخابات کا کرانے کا اعلان کیا ہے تاہم الیکشن کمیشن نے واضح کردیا کہ صوبے میں مارچ سے پہلے بلدیاتی انتخابات ممکن نہیں۔ ملتان میں فضا سے جاوید ہاشمی کی تشہیری پرچیاں گرانے کے معاملے پر فیصلہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر پر چھوڑ دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کا اجلاس قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہوا ۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے سیکریٹری بلدیات،نادرا اور پرنٹنگ کارپوریشن کے حکام شریک ہوئے۔ صوبائی سیکریٹری بلدیات نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ بلدیاتی قانون میں خامیاں ایک ہفتے میں دور کردی جائیں گی۔میڈیا بریفنگ میں سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پرنٹنگ کارپوریشن کو بیلٹ پیپرز کی خریداری کے لیے دو ماہ کا وقت درکار ہے،صوبے میں پہلی بار بائیومیٹرک سسٹم کا استعمال کیا جائے گا ، اس کی خریداری کے لیے بھی تین ماہ کا وقت چاہئے تاہم اس سسٹم کا مکمل نہیں، جزوی استعمال ہوگا۔ ایک سوال پر سیکریٹری نے بتایا کہ ملتان میں فضا سے تشہیری پرچیاں گرانے کی کو ئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اس حوالے سے کارروائی کرے گا ۔