پاکستان
17 اکتوبر ، 2014

پی پی جلسہ، جناح گراؤنڈ سے متصل آبادیوں کو پریشانی کا سامنا

پی پی جلسہ، جناح گراؤنڈ سے متصل آبادیوں کو پریشانی کا سامنا

کراچی...... کراچی میں مزار قائد سے متصل جناح قائد میں کل ہونے والے پیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریوں کے باعث جناح گراؤنڈ سے متصل آبادیوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ کراچی میں 18 اکتوبر کو پیپلز پارٹی اپنی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ جلسے کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں لیکن ان تیاریوں کے باعث جناح گرائونڈ سے متصل آبادیوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ جیکب لائن اور لائنز ایریا کے سرکاری اسکولوں میں جلسے سے ایک روز قبل طلبہ کی حاضری نہ ہونے برابر تھی۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے سے قبل پائی جانے والی تشویش کے باعث والدین اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیج رہے۔ لائنز ایریا اور جیکب لائن کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے ان سے گھروالوں کے کوائف جمع کئے اور انہیں ہدایت کی کہ جلسے سے قبل وہ نہ ہی اپنے گھروں سے نکلیں اور نہ ہی چھتوں پر جائیں ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں ہدایت کی ہے کہ 18 اکتوبر کے دن اگر ان کے گھر مہمان آئے تو انہیں واپس بھیج دیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقہ کے راستے بند ہونے سے لوگوں کو آمد و رفت میں پریشانی کا سامنا ہے جبکہ ایک گراؤنڈ کے بند ہونے سے بچوں کو کھیلنے کے لئے بھی کوئی جگہ میسر نہیں ہے۔

مزید خبریں :