18 اکتوبر ، 2014
کاکول.......آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا، برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر خطے میں استحکام پاکستان کی خواہش ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔ اکیڈمی سے 1200 کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے جن میں سے 45 کا تعلق دوست ممالک سے تھا۔ آرمی چیف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو اعزازات عطا کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزمائشوں سے گھبرانا پاک فوج کی فطرت نہیں۔ جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج قومی اتحاد اور امید کی علامت ہے جو ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے، ضرب عضب محض ایک آپریشن نہیں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کا اظہار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی استحکام، برابری اور باہمی احترام کی بنیادپر تعلقات کا خواہش مند ہے لیکن اس بات میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ وطنِ عزیز کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل راشریف کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن کی کلید مسئلہ کشمیر کے حل میں ہے۔ جنرل راحیل شریف نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں نیا سیاسی سیٹ اپ افغان عوام کے لیے امن و استحکام خوش حالی لائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی افغان سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔