18 اکتوبر ، 2014
کراچی......پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ آج دہشت گردی اورجمہوریت کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، ہماری جدوجہد ختم نہیں ہوئی، محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے جلسے کا اہتمام پیپلز پارٹی نے کیا ہے، محترمہ تمام خطرات کے باوجود آج ہی کے دن 7سال قبل آئی تھیں، حملے میں 200کارکن اور جمہوریت پسند شہید ہوئے۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں جمہوریت بحال ہوئی اور1973 کے آئین کو بحال کیا گیا،ایک سال کے اندرہی آمرکو گھربھیج دیا،آج بڑا خطرہ وہ ہیں جوجمہوریت کے نام پرجمہوریت پرہی حملہ آور ہورہے ہیں، دوسری جانب شدت پسندمذہب کے نام پرجمہوری اورترقی پسند قوتوں پرحملے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ تمام خطرات کے باوجود آج ہی کے دن 7سال قبل آئی تھیں، محترمہ نے واپس آنے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ ملک کئی خطرات سے دوچار تھا، ملک کوایک طرف دہشت گردوں سے خطرہ تھا دوسرا آمریت سے،جمہوریت اورپاکستان کے دشمن محترمہ کے آنے کا انتظار کررہے تھے، محترمہ نے فیصلہ کرلیاتھا کہ ان کو واپس آنے سے کوئی نہیں روک سکتا،جب محترمہ واپس آئیں توان پرحملہ کیا گیا۔