21 اپریل ، 2012
اسلام آباد… گذشتہ روز اسلام آباد کے قریب طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد میں سے121کی لاشیں پمز منتقل کر دی گئی ہیں جن میں سے 73کی شناخت ہو چکی ہے اور53کو ان کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 113لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز طیارے کے حادثے میں6ارکان اور 5بچوں سمیت127افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں کے پوسٹ مارٹم اورشناخت کاعمل جاری ہے اور شناخت کیلئے نادرا کا عملہ موجود ہے جبکہ ڈی این اے کے نمونے بھی لیے جارہے ہیں۔ ادھر قومی ائرلائن کی پرواز پی کے 300 کراچی سے طیارہ حادثہ کے لواحقین کو لے کر بے نظیر ائرپورٹ اسلام آباد پہنچی۔ ائرپورٹ پر جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے دو معاونت سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ ایک سنٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی جبکہ دوسرا بھوجا ائرلائن انتظامیہ نے قائم کیا ہے۔ ائرپورٹ سے لواحقین کو پمز اسپتال اسلام آباد لے جایا جائے گا جہاں پر وہ اپنے پیاروں کی شناخت کر سکیں گے اور بعد میں انہیں دوبارہ کراچی لے جایا جائے گا۔