24 جنوری ، 2012
کراچی…رفیق مانگٹ…بھارت میں سابرمتی سینٹرل جیل کے13پاکستانی قیدیوں کو جے پور لے جایا گیا ،ان کی ملاقات پاکستانی اور بھارتی سفارت خانے کے ارکان سے کرائی جائے گی، کَچھ جیل کے پاکستانی قیدی بھی ان نمائندوں کے سامنے بھارتی جیلو ں میں روا سلوک کو بیان کریں گے۔بھارتی اخبار’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق بھارت میں احمد آباد کی سابرمتی سینٹرل جیل کے13پاکستانی قیدیوں کو ایک گروپ میں ایک خصوصی قافلے میں جے پور لے جایا گیا ، جہاں ان کی ملاقات پاکستای اور بھارتی سفارت خانے کے ارکان سے کرائی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قیدیوں کی درخواستوں کو سننے کیلئے کیا گیا ہے۔سابرمتی جیل حکام کے مطابق ان قیدیوں میں شاہنواز بھٹی بھی شامل ہے جسے سیکیورٹی فورسز نے2003میں کَچھKutch کے علاقے میں سرحد عبور کرتے ہوئے آر ڈی ایکس فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیاتھا۔قیدیوں کے اس قافلے کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پولیس ہیڈ کوارٹر اور کرائم برانچ کو دی گئی۔ کَچھ جیل کے قیدیوں کو بھی جے پور لائے جانے کا امکان ہے جہاں وہ ان نمائندوں کے سامنے بھارتی جیلوں میں ان سے روا رکھے گئے سلوک اور حالت زار کو بیان کریں گے۔ ایک سینئر ریاستی پولیس اہلکار کے مطابق اس موقع پر دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مزید بات چیت بھی ہوگی۔