21 اپریل ، 2012
اسلام آباد… گذشتہ روز اسلام آباد کے قریب طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونیو الے تمام 127افراد کی لاشیں مل گئی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 102لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ 70لاشوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے چھ افرادکی لاشیں پی کے 301 سے ایک بجے کراچی لائی جائیں گی۔ دریں اثناء اسلام آباد میں مسافر طیارہ کے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی کے مطابق ،زمین پر گرنے سے قبل بدقسمت طیارے میں آگ لگ گئی تھی جبکہ تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کرتے ہوئے پائلٹ اور کنٹرول ٹاور میں گفت گو کا رکارڈ سربمہر کردیا ہے ذرائع نے جیونیوز کو بتایاہے کہ سیکریٹری دفاع نرگس سیٹھی نے طیارے حادثہ کی تحقیقات کیلئے سول ایوی ایشن کے تجربہ کار آفیسر مجاہد اسلام کی سربراہی میں چار کنی کمیٹی بنائی ہے، اسکے دیگر ارکان میں کبیر خان ، امان اللہ علوی اور ڈاکٹراعجاز شامل ہیں، ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ زمین پر گرنے سے قبل طیارے میں آگ لگی تھی، اس کی وجوہات حادثہ کے وقت وہاں انتہائی خراب موسم اور آسمانی بجلی کے طیارے سے ٹکرانا ہوسکتی ہیں، ابتدائی رپورٹ کے مطابق زمین پر گرنے سے قبل طیارہ، آگ کا گولا بنا ہوا نظر آرہا تھا، زمین پر گرنے سے قبل طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا،حادثہ کا شکار طیارہ ، پرواز کیلئے درست صلاحیت کا حامل تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں تمام امکانات سامنے رکھ کر کام کیا جارہا ہے، اب تک 83 فضائی حادثات جیسے واقعات کی تحقیقات کرنے والے مجاہداسلام کو طیارے کا بلیک باکس حوالے کردیاگیاہے، تحقیقاتی ٹیم نے واقعہ سے قبل طیارے کے پائلٹ اور کنٹرول ٹاور میں ہونے والی گفت گو کا رکارڈ قبضہ میں لیکر اسے سربمہر کردیا ہے، تحقیقاتی کمیٹی کو بلیک باکس حوالے کردیا گیا، ڈی جی سول ایوی ایشن بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔