21 اپریل ، 2012
پشاور… چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ اگر والدین یا پولیو ٹیموں نے بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے میں کوتاہی برتی تو انہیں سزا دی جائے گی ۔ پشاور ہائی کورٹ میں بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کے موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اب اگر کوئی بھی پولیو کیس سامنے آیا تو جوڈیشل انکوائری کی جائے گی اور اگر والدین یا پولیو ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں کوتاہی کی مرتکب ہوئیں تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ جسٹس دوست محمد کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو چاہئیے کہ وہ بلدیاتی ، صوبائی اور قومی انتخابات کے موقع پر ووٹرز اور امیدواروں پربچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے سے متعلق سرٹیفیکٹ کو لازم قرار دے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر ایجنسی میں دونوں فریق جنگ بندی کر دیں تاکہ بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے جا سکیں۔