21 اپریل ، 2012
اسلام آباد… گذشتہ روز اسلام آباد کے قریب طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام127افراد کی لاشیں پمز منتقل کر دی گئی ہیں جن میں سے 123کی شناخت ہو چکی ہے اور110کو ان کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق سو سے زائد لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز طیارے کے حادثے میں6ارکان اور 5بچوں سمیت127افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں کے پوسٹ مارٹم اورشناخت کاعمل جاری ہے اور شناخت کیلئے نادرا کا عملہ موجود ہے جبکہ ڈی این اے کے نمونے بھی لیے جارہے ہیں۔ ادھر طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونیوالے چھ افرادکی لاشیں لے کر پی کے 301 کراچی پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں مسافر طیارہ کے حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی کے مطابق ،زمین پر گرنے سے قبل بدقسمت طیارے میں آگ لگ گئی تھی جبکہ تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کرتے ہوئے پائلٹ اور کنٹرول ٹاور میں گفت گو کا رکارڈ سربمہر کردیا ہے۔