23 اپریل ، 2012
پشاور… قومی ائیر لائن پی آئی اے کبھی لاجواب سروس ہوا کرتی تھی اور کبھی مسافر گھنٹوں اور دنوں تک انتظار کیا کرتے تھے آج پشاور سے کراچی جانے والی پرواز ایک گھنٹہ پہلے ہی روانہ ہو گئی۔ کراچی جانے والے مسافر جب پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ کراچی جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 351جسے صبح ساڑھے آٹھ بجے روانہ ہونا تھا ایک گھنٹہ پہلے ہی ساڑھے سات بجے روانہ ہو چکی ہے۔ پرواز کے ایک گھنٹہ قبل روانہ ہونے کی وجہ سے چالیس مسافر پشاور رہ گئے۔ جنہیں لاہور روانہ کر دیا گیا جہاں سے انہیں کراچی بھیجا جائے گا۔ پی ائی آے کے ترجمان سلطان حسن نے جیو نیوز کو بتایا کہ پشاورسے کراچی کی پرواز کل ہی ری شیڈول کردی گئی تھی، جن مسافروں کے ٹیلے فون نمبرز موجود تھے ان کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی،ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جناع انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا رن وے بند ہونے کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔